جوہری ہتھیاروں کی دوڑ، چین پاکستان دفاعی شراکت اور انڈین خدشات: پینٹاگون کی نئی رپورٹ میں کیا ہے؟
امریکی محکمۂ دفاع نے ’چین میں ملٹری اور سکیورٹی ڈیویلپمنٹس‘ کے عنوان سے کانگریس میں ایک رپورٹ جمع کروائی ہے، جس میں جہاں ایک طرف بیجنگ پر 100 سے زیادہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل لوڈ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے وہیں اس کی مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی شراکت کا بھی تذکرہ ہے۔
اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین نے اپنی نئی تعمیر شدہ تین تنصیبات میں 100 سے زیادہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل لوڈ کیے ہیں جو ممکنہ طور پر بیجنگ کی ’ارلی وارننگ کاؤنٹر سٹرائیک‘ صلاحیت بڑھاتے ہیں۔
اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم وہی کہانی بار بار امریکیوں سے سن رہے ہیں تاکہ امریکی جوہری طاقت کو تیزی سے اپ گریڈ کرنے اور عالمی سٹریٹجک استحکام کو متاثر کرنے کا جواز پیدا کیا جا سکے۔ بین الاقوامی برادری کو اس بارے میں سنجیدگی سے آگاہ ہونا چاہیے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکہ خود ایک جوہری سپر پاور ہے جس کے پاس دنیا کے سب سے زیادہ جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہے۔ اسے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
جوہری ہتھیاروں کی دوڑ
نومبر 2025 کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چین اور روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے منصوبے پر کام کریں گے لیکن امریکی محکمۂ دفاع کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ آرمز کنٹرول کے لیے جامع بات چیت میں دلچسپی لیتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چین کی ’دفاعی جوہری حکمتِ عملی برقرار ہے‘ اور بیجنگ اپنی جوہری قوت کو ’قومی سلامتی کے لیے درکار کم سے کم سطح پر رکھتا ہے اور جوہری تجربات پر پابندی کے عہد کی پاسداری کی جاتی ہے۔‘
دوسری طرف پینٹاگون کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 کے دوران چین کے جوہری وار ہیڈز کا ذخیرہ 600 سے کچھ زیادہ ہے اور اس میں اضافہ سابقہ برسوں کے مقابلے سست روی کا شکار ہے تاہم پیپلز ریپبلک آرمی نے جوہری وسعت جاری رکھی ہوئی ہے اور 2030 تک جوہری وار ہیڈز ایک ہزار سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں کہ امریکہ جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ دوبارہ شروع کرے لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ کس شکل میں ہو گا۔
What's Your Reaction?
Like
0
Dislike
0
Love
0
Funny
0
Angry
0
Sad
0
Wow
0