انڈیا کی چین سے ’ہاری ہوئی جنگ‘ میں ’واحد کامیابی‘: جب 120 انڈین فوجیوں نے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا

Jan 12, 2026 - 16:26
 0  0
انڈیا کی چین سے ’ہاری ہوئی جنگ‘ میں ’واحد کامیابی‘: جب 120 انڈین فوجیوں نے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا
    • گیتا پانڈے
    • عہدہ,بی بی سی

انڈیا میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم نے سنہ 1962 میں انڈیا اور چین کے درمیان ہونے والی جنگ کی تلخ یادیں ایک بار پھر تازہ کر دی ہیں۔

بالی وڈ فلم ’120 بہادر‘ اُن انڈین فوجیوں کے گرد گھومتی ہے، جو لداخ کے منجمد ہمالیہ کی پہاڑوں میں ریزانگ لا پاس کے دفاع کے لیے بہادری سے لڑے۔

فلم میں میجر شیطان سنگھ کا مرکزی کردار انڈین اداکار اور ہدایت کار فرحان اختر نے نبھایا ہے۔ یہ فلم باکس آفس پر تو خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی، لیکن اسے انڈیا کی اس ہاری ہوئی جنگ میں کامیابی کی ایک واحد کہانی کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔

فلم کے مصنف سُمت اروڑہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم نے محسوس کیا کہ یہ بہت اہم ہے کہ یہ کہانی لوگوں کو دکھائی جائے، ہم اس کے ذریعے اس حقیقی واقعے کے ہیروز کو عزت دینا چاہتے تھے۔‘

اُن کا کہنا تھا یہ تاریخ پر مبنی ایک سچی کہانی ہے، لیکن ہم نے اس کی عکس بندی کے دوران اس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی ہیں۔

یہ جنگ اکتوبر 1962 میں اُس وقت شروع ہوئی، جب انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی عروج پر تھی اور تنازعات کے حل کے لیے ہونے والے مذاکرات بھی ناکام رہے تھے۔

بیجنگ انڈیا کی طرف سے دلائی لاما کو پناہ دینے پر بھی ناخوش تھا جو 1959 کی بغاوت کے بعد تبت سے فرار ہو گئے تھے۔

20 اکتوبر کو چین کی جانب سے انڈیا پر حملے کا آغاز ہوا اور یہ جنگ تقریباً ایک ماہ تک جاری رہی۔ چین نے الزام لگایا کہ یہ حملہ انڈیا کی جانب سے اس کی سرزمین پر ’تجاوزات اور فضائی حدود کی خلاف ورزی‘ کے جواب میں کیا گیا۔

What's Your Reaction?

Like Like 0
Dislike Dislike 0
Love Love 0
Funny Funny 0
Angry Angry 0
Sad Sad 0
Wow Wow 0