کسی کو بھی مسلح افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرس

Dec 25, 2025 - 02:29
 0  3
کسی کو بھی مسلح افواج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرس

چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

جمعرات کے روز فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج اور حکومت کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی حمایت سے ملک یقینی طور پر استحکام اور عزت و وقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

کانفرنس کے دوران اندرونی اور بیرونی سلامتی کے امور کا جامع جائزہ لیا گیا اور ابھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فورم نے دہشت گردی، جرائم اور ذاتی سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کسی بھی قسم کے عناصر کو قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان کے مطابق، فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بیان کے مطابق، کانفرنس کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انڈین سرپرستی میں کام کرنے والے تمام دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور مدد کرنے والوں سے کسی قسم کی رعات نہیں کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی توثیق کی گئی اور غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک امداد کی ترسیل رسائی، اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

What's Your Reaction?

Like Like 0
Dislike Dislike 0
Love Love 0
Funny Funny 0
Angry Angry 0
Sad Sad 0
Wow Wow 0